سعودی عرب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ، متعدد شہروں اور علاقوں میں سڑکوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا جبکہ مسجد الحرام میں بارش کے دوران عمرہ زائرین طواف کعبہ میں مصروف رہے۔مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں بھی باران رحمت خوب برسی جس کے دوران عمرہ زائرین نے طوافِ کعبہ جاری رکھا اور بارش برسنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا۔ بارش کے باعث شہر کی سڑکوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا۔دوسری جانب دارالحکومت ریاض میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، جبکہ شہریوں نے خوشگوار موسم سے لطف اٹھایا۔ سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔سعودی حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو بارش کے دوران احتیاط برتنے، نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔سعودی گزٹ کے مطابق، قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) کا کہنا ہے کہ پیر سے جمعے تک مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جازان، عسیر اور الباحہ سمیت کئی علاقوں میں مختلف شدت کی بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر منگل اور بدھ کے روز بارش کی شدت بڑھ سکتی ہے، جس کے دوران تیز ہوائیں، ژالہ باری، اچانک سیلاب، حدِ نگاہ میں نمایاں کمی اور ساحلی علاقوں میں بلند لہروں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ریاض میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش نے گرمی کی شدت کم کردی، جبکہ کئی علاقوں میں بارش کے پانی سے سڑکیں زیرِ آب آگئیں۔ شہریوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا، تاہم حکام نے بارش کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔







