پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے اپنے خلاف عائد کیے جانے والے الزامات کے سلسلے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے دوبارہ رابطہ کرنے اور انہیں خط تحریر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان اس خط کے ذریعے ایجنسی سے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات طلب کریں گے اور عدم تعاون کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر بھی وضاحت مانگیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان نے پہلی ہی پیشی کے دوران اپنے موبائل فون اور آئی فون کا پاسورڈ این سی سی آئی اے کے سپرد کر دیا تھا، تاہم اس کے بعد سے انہیں ایجنسی کی طرف سے کوئی نیا نوٹس یا تحریری آگاہی موصول نہیں ہوئی ہے۔ کرکٹر تحقیقات میں مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں مگر وہ اپنے خلاف جاری کارروائی کے بارے میں تحریری معلومات چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ این سی سی آئی اے محمد رضوان اور امام الحق کے خلاف مبینہ مشتبہ مالیاتی معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے۔







