بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ضلع کنیاکماری میں معروف یوٹیوبر مدھومیتا کے گھر سے تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے سونے اور ہیرے کے زیورات سمیت لاکھوں روپے کی نقدی چوری ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واردات ناگرکوئل کے علاقے وی آئی پی گارڈن میں پیش آئی، جہاں مدھومیتا اپنے شوہر ونود کمار اور ایک بچے کے ہمراہ رہتی ہیں۔ ونود کمار الائچی کے تاجر ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق چوروں نے مبینہ طور پر یوٹیوبر کی سوشل میڈیا سرگرمیوں سے گھر کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ رپورٹ کے مطابق مدھومیتا اپنی ویڈیوز میں بعض اوقات رہائش سے متعلق معلومات بھی شیئر کرتی تھیں، جن سے ملزمان نے گھر کی لوکیشن کا سراغ لگایا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ جوڑا زیورات اور نقدی کے ہمراہ ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتا تھا۔
واردات کے روز مدھومیتا اپنے اہل خانہ کے ساتھ کپڑوں کی خریداری کے لیے گھر سے باہر گئی ہوئی تھیں۔ اسی دوران نامعلوم ملزمان نے گھر کے پچھلے دروازے کو کاٹ کر اندر داخل ہونے کا راستہ بنایا۔
چور گھر سے 81 تولے سونا اور لاکھوں روپے نقدی لے کر فرار ہوگئے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔







