حیات آباد پولیس نے بروقت اور پیشہ ورانہ تفتیش کے ذریعے سولر تاجر سے 40 لاکھ روپے لوٹنے کی واردات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران مسروقہ رقم اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے اسلحے کے زور پر سولر تاجر سے 40 لاکھ روپے چھین لیے تھے، جس کے بعد واقعے کی تفتیش جدید سائنسی بنیادوں پر شروع کی گئی۔ تفتیشی ٹیم نے شواہد اور دستیاب معلومات کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی اور انہیں گرفتار کر لیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے لوٹی گئی 40 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کر لی گئی، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ واردات کے دیگر پہلوؤں اور ممکنہ ساتھیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا سکیں۔







