اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک نہیں ہوسکتے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ اسلام آباد میں رکھے گئے کنٹینرز حفاظتی اقدامات کا حصہ ہیں، جبکہ یہ سڑک کے کنارے موجود ہیں اور راستے کھلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ بیک ڈور رابطے اب بھی جاری ہیں، تاہم لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے صرف بیانات سامنے آرہے ہیں اور عملی طور پر مارچ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کسی کو بھی چڑھ دوڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔






