افواجِ پاکستان نے افغان طالبان رجیم کی جانب سے مبینہ طور پر ڈرونز کے ذریعے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنا دی، پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے 8 ڈرونز مار گرائے گئے ،کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تاہم پاکستانی فورسز کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرادیں ،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح افغان طالبان رجیم کی جانب سے 8ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے، جنہیں افواجِ پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے مار گرایا۔ذرائع کے مطابق 4ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں گرائے گئے جبکہ 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل بارڈ کے پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے،سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ یہ دراندازی افغان طالبان رجیم کی دہشت گردوں کی براہِ راست معاونت اور سرپرستی کا ثبوت ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات افواجِ پاکستان نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان رجیم کے مورچوں اور ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا تھا۔ قبل ازیں سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ناکامی کے بعد کرم سیکٹر میں افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی۔پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کاررروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کروادیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان صوبے ننگرہار اور پکتیا میں افغان پوسٹوں سے فتنہ الخوارج نے دراندازی کی کوشش کی جنہیں بارڈر پر موجود بہادر جوانوں نے موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں کو بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور دیگر اسلحے سے بلااشتعال نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھتے ہوئے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔وزیر داخلہ محسن نقوی پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔







