وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے اور اس کے ڈیزائن پر پیش رفت تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین اور وزیراعلیٰ کے درمیان ہونے والے ایک اہم اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں مستقبل کے دیگر بڑے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس کے دوران سندھ حکومت اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے مابین کے سی آر کے لیے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) کو حتمی شکل دینے اور منصوبے کے لیے زمین کی دستیابی کی تصدیق کرنے پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی سرکلر ریلوے شہر کی ٹرانسپورٹ کے لیے ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہوگا، اور اراضی نیز رائٹ آف وے کے مسائل دور کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے مکمل تعاون حاصل کیا جائے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق اس ملاقات میں باہمی ترقیاتی شراکت داری کے ساتھ ساتھ شہری نقل و حرکت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں آئندہ کے لیے طے شدہ منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے شہری نقل و حمل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں، جبکہ اے ڈی بی کی نمائندہ نے سندھ میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی اقدامات کے لیے مالی و فنی معاونت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔







