راولپنڈی کے علاقہ رتہ امرال میں صبا قتل اور اس کے بھائی انوش کے اغوا کے کیس میں پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم عدنان بٹ کے ساتھی وحید کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم وحید نے انوش کو اغوا کرنے کے بعد اپنے گھر میں پناہ دے رکھی تھی۔
ترجمان پولیس کے مطابق کارروائی جدید ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کے بہترین استعمال سے عمل میں لائی گئی۔ واقعے کا مرکزی ملزم عدنان بٹ پہلے ہی پولیس کی تحویل میں ہے اور جسمانی ریمانڈ پر ہے۔ واضح رہے کہ رتہ امرال تھانے میں یہ مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف مضبوط شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس افسوسناک واقعے کا نوٹس وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے بھی لیا تھا۔







