حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ فورسز میں لڑائی، 24گھنٹوں میں 68ہلاکتیں

یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں میں 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 68 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔یمنی حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں جنوب مغربی علاقوں میں 23 حکومتی فوجی مارے گئے، جبکہ حوثی فوجی ذرائع نے دعوی کیا کہ سعودی فضائی حملوں اور زمینی لڑائی میں ان کے 40 جنگجو ہلاک ہوئے، یہ اعداد دونوں فریقوں کے دعووں پر مبنی ہیں۔سعودی حکام کے مطابق طائف میں ایک ڈرون کو روکنے کے بعد گرنے والے ملبے سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے، جبکہ حوثیوں کے زیر انتظام میڈیا نے تعز میں سعودی حمایت یافتہ فورسز کے حملوں میں 3 بچوں کی ہلاکت کا دعوی کیا ہے۔بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کے مطابق تازہ لڑائی کے باعث ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں، حوثیوں نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں میں اپنی پیش قدمی بھی جاری رکھی ہے، جس سے خطے میں اہم بحری راستوں کی سلامتی پر تشویش بڑھ گئی ہے۔حوثی رہنما عبدالملک الحوثی نے سعودی عرب سے حملے اور ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، دوسری جانب سعودی فضائی کارروائیاں جاری رہنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ حوثیوں نے سعودی ایف 15 طیارہ مار گرانے کا بھی دعوی کیا ہے، جس کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔یمن میں بڑھتی ہوئی لڑائی کا اثر عالمی توانائی اور بحری تجارت پر بھی پڑ رہا ہے، آبنائے ہرمز میں پہلے ہی بحری آمدورفت متاثر ہے، جبکہ حوثیوں کے زیر اثر باب المندب میں صورتحال مزید پیچیدہ ہونے سے خلیجی تیل کی عالمی منڈیوں تک ترسیل کے متبادل راستے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed