سوڈان: افریقی ملک سوڈان کے علاقے مغربی کردفان میں سونے کی ایک کان منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ حادثہ 14 ستمبر کو مغربی کردفان کے قصبے النہود میں پیش آیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کان کے ملبے سے اب تک 60 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
حادثے میں بچ جانے والے دو افراد کے مطابق متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ ملبے تلے دب کر ہلاک ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کان میں حفاظتی انتظامات کی کمی کو زیادہ ہلاکتوں کی ایک اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔
سوڈان افریقا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں بڑی مقدار میں سونا نکالا جاتا ہے۔ تاہم ملک میں سونے کی بیشتر کانوں میں کان کنی خطرناک طریقوں سے کی جاتی ہے، جبکہ سونے کی ایک بڑی مقدار ملک سے باہر اسمگل بھی کردی جاتی ہے۔
حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں ملبے میں موجود افراد کی تلاش اور لاشیں نکالنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔







