برطانیہ کے گھوڑے ہیوگو نے سب سے لمبے زندہ گھوڑے کا ریکارڈ

برطانیہ: غیر معمولی جسامت کے حامل شائر نسل کے گھوڑے ہیوگو نے دنیا کے سب سے لمبے زندہ گھوڑے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق برطانیہ میں موجود ہیوگو کا قد کھروں سے گردن کے نچلے حصے تک 199 سینٹی میٹر، یعنی 19.2 ہینڈز ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ اس کا وزن تقریباً 890 کلوگرام ہے۔

ہیوگو کی جسامت ابھی مکمل طور پر بڑھنے کے مرحلے میں ہے۔ اس کے مالکان کا کہنا ہے کہ وہ 7 سے 8 سال کی عمر تک مزید بڑھ سکتا ہے، جس کے باعث مستقبل میں اس کا قد موجودہ ریکارڈ سے بھی زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

ہیوگو برطانیہ کے علاقے ٹاؤسیسٹر میں رہتا ہے اور اپنی غیر معمولی جسامت کے باعث مقامی طور پر پہلے ہی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا۔ تقریبات کے دوران لوگ اسے دیکھنے کیلئے رک جاتے اور اس کی ویڈیوز بناتے تھے۔

اس کے مالکان بریٹ اور لیزا ماسٹرز کے مطابق بڑی جسامت کے باوجود ہیوگو انتہائی نرم مزاج ہے اور اس کا رویہ ایک بڑے پالتو کتے جیسا ہے۔

شائر نسل کے گھوڑے اپنی جسامت اور طاقت کیلئے مشہور ہیں۔ ماضی میں انہیں کھیتی باڑی، بھاری سامان کھینچنے اور نقل و حمل کے کاموں کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔

تاہم ہیوگو تاریخ کا سب سے لمبا گھوڑا نہیں ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہ اعزاز شائر نسل کے گھوڑے سیمپسن کے پاس ہے، جس کا قد 1850 میں 2.19 میٹر، یعنی تقریباً 7 فٹ 2.5 انچ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed