راولپنڈی میں مسیحی خاتون کے قتل کا مرکزی ملزم گرفتار

راولپنڈی: تھانہ رتہ امرال پولیس نے شادی شدہ مسیحی خاتون صبا محبوب کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے مقدمے میں مرکزی ملزم عدنان بٹ عرف ٹوپا کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ وہ خاوند سے ناچاقی کے باعث والدین کے گھر رہنے والی صبا محبوب کے گھر داخل ہوا، اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہوتے وقت ملزم مقتولہ کے بھائی کو بھی اپنے ساتھ لے گیا اور اسے حبسِ بیجا میں رکھ کر پولیس کو واقعے کے بارے میں کچھ نہ بتانے یا قتل کا الزام اپنے سر لینے کے لیے دھمکایا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے مقتولہ کے بھائی کو کئی گھنٹے بعد چھوڑا۔ واقعے کے بعد مقتولہ کے اہل خانہ آخری رسومات کے لیے جا رہے تھے کہ پولیس نے اطلاع ملنے پر متاثرہ خاندان سے رابطہ کیا۔ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں عدنان بٹ عرف ٹوپا اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم پہلے بھی سنگین الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا کرچکا ہے اور ریکارڈ یافتہ ہے۔ واقعے کے بعد وہ فرار ہوکر روپوش ہوگیا تھا۔

واقعے کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لیے جانے کے بعد سی پی او راولپنڈی نے ایس ایس پی راول بیدار بخت گوندل کی سربراہی میں پولیس ٹیم تشکیل دی۔ پولیس ٹیم نے تکنیکی اور انسانی انٹیلی جنس ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔

ایس پی راول بیدار بخت گوندل کے مطابق ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب ملزم کی چند ماہ پرانی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں اسے مبینہ طور پر محلے میں پسٹل اٹھائے گالم گلوچ، دھمکیاں اور فائرنگ کرتے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے۔ ویڈیو میں اہل محلہ اسے روکنے اور سمجھانے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں، جبکہ ملزم کو پولیس کے لیے بھی نازیبا الفاظ استعمال کرتے سنا جاسکتا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed