ایلون مسک، جو ٹیسلا، اسپیس ایکس اور دیگر کمپنیوں کے مالک ہیں، اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور ان کی دولت 900 ارب ڈالرز بتائی گئی ہے۔ تاہم ان کی موجودہ رہائش کسی محل نما گھر کے بجائے ایک ٹریلر ہے۔
ایلون مسک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ امریکی ریاست ٹینیسی کے علاقے ممفس میں ایک ائیر اسٹریم ٹریلر میں مقیم ہیں۔ وہ وہاں اپنی کمپنی ایکس اے آئی کی جانب سے تعمیر کیے جانے والے ڈیٹا سینٹر کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مسک نے بتایا کہ وہ ممفس میں اسی جگہ سے آئے تھے جہاں وہ قیام کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ان کی رہائش ایک ائیر اسٹریم ٹریلر ہے۔
ایلون مسک نے یہ بھی کہا کہ وہ سفر کرنے کے بجائے نئے سرورز کے فرش پر سونا پسند کریں گے۔
ٹریلر میں رہائش کا تعلق ان کے خلائی منصوبوں سے بھی جوڑا جاتا ہے۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے ماضی میں اسی نوعیت کے ٹریلر کو اپولو 11 کے خلا بازوں کو چاند سے واپسی کے بعد قرنطینہ میں رکھنے کے لیے استعمال کیا تھا۔
ایلون مسک اس سے قبل بھی اپنے دفاتر کے قریب یا دفاتر میں رہنے کو ترجیح دے چکے ہیں۔ 2022 میں ایکس خریدنے کے بعد انہوں نے کئی ماہ تک سان فرانسسکو میں واقع کمپنی کے ہیڈ آفس میں قیام کیا تھا۔
اسی طرح وہ کئی برس تک ٹیکساس کے علاقے بوکا چیکا میں تقریباً 50 ہزار ڈالر ماہانہ کرائے کے ایک چھوٹے گھر میں بھی مقیم رہے، جو اسپیس ایکس کے اسٹار بیس مرکز کے قریب واقع تھا۔
2020 میں ایلون مسک نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے تمام اثاثے فروخت کر دیے ہیں اور ان کی ملکیت میں کوئی گھر نہیں۔ اس وقت انہوں نے ریاست کیلیفورنیا میں موجود اپنے سات گھر تقریباً 13 کروڑ ڈالرز میں فروخت کیے تھے۔







