خواتین ایشیا کپ ٹرافی نہ لینے پر بی سی سی آئی کی وضاحت

بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ویمنز ایشیا کپ کی ٹرافی ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین محسن نقوی سے وصول نہ کرنے کے معاملے پر وضاحت کردی۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ ٹرافی کے معاملے پر بی سی سی آئی میں مشاورت کی گئی تھی اور اجتماعی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ بھارتی ویمنز ٹیم محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔

ان کے مطابق بھارتی ٹیم کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کردیا گیا تھا۔ راجیو شکلا نے کہا کہ محسن نقوی نے جس شخص کو ٹرافی پیش کرنی تھی، اسے پیش کی اور اس کے بعد وہاں سے چلے گئے۔

راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے اس معاملے پر جو کچھ کہا ہے، وہ بالکل درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران تمام افراد موجود ہوتے ہیں، ملاقاتیں بھی ہوتی ہیں اور پیشہ ورانہ حیثیت سے ایک دوسرے سے بات چیت کی جاتی ہے، اس لیے ان کے خیال میں اس معاملے پر زیادہ تنقید نہیں ہونی چاہیے۔

دیواجیت سائیکیا کا مؤقف

اس سے قبل بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے بھی بھارتی خواتین ٹیم کی جانب سے ایشیا کپ ٹرافی وصول نہ کرنے کے معاملے پر وضاحت کی تھی۔

ایک انٹرویو میں دیواجیت سائیکیا نے کہا تھا کہ ایشیا کپ میں ٹرافی کا معاملہ متنازع ہے۔ ان کے مطابق اپریل 2025 میں پہلگام واقعے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کے حوالے سے صورتحال تبدیل ہوگئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد بھارت میں شہریوں کی جانب سے دباؤ تھا کہ ملک کو پاکستان کے ساتھ تعلقات نہیں رکھنے چاہئیں اور کرکٹ بھی نہیں کھیلنی چاہیے۔

تاہم دیواجیت سائیکیا کے مطابق بھارتی حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں ہر ملک کے خلاف کھیلنا ضروری ہے۔ اسی پالیسی کے تحت بھارت کثیر ملکی مقابلوں میں شرکت کرتا ہے اور دیگر ممالک کے خلاف میچز کھیلتا ہے۔

انہوں نے بھارتی خواتین ٹیم کے ٹرافی وصول نہ کرنے کے معاملے کو بھی اسی پس منظر سے جوڑا۔

ایشیا کپ ٹرافی کا معاملہ

بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا، تاہم ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد بھارتی کھلاڑی مقررہ ٹرافی تقریب میں شریک نہیں ہوئیں اور اے سی سی چیئرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی۔

اس معاملے پر بھارتی ٹیم کے کوچ امول مزومدار نے بھی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انہیں ٹرافی کے بارے میں معلوم نہیں کہ ٹیم کو یہ کب ملے گی۔

جب ان سے ٹرافی وصول نہ کرنے کے فیصلے اور بی سی سی آئی کی ہدایت سے متعلق سوال کیا گیا تو امول مزومدار نے کہا تھا کہ یہ مؤقف بی سی سی آئی نے اختیار کیا ہے اور ٹیم متحد ہوکر اس کے ساتھ کھڑی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed