پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد قتل ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا ایک واقعہ ارمڑ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے 40 سالہ زمیندار رحیم خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جبکہ دوسرا واقعہ تھانہ خزانہ کی حدود میں پیش آیا جہاں 38 سالہ محمد وصال کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
ارمڑ میں زمیندار قتل
پشاور کے علاقے ارمڑ بالا میں نامعلوم افراد نے گھر کے واحد کفیل رحیم خان کو قتل کردیا۔ مقتول گزشتہ شام سے لاپتہ تھا اور اس کی لاش اگلی صبح ارمڑ بالا ہوائی ونڈ کے علاقے سے ملی۔
مقتول کی بہن دختر شمس القمر نے پولیس کو بتایا کہ ان کا 40 سالہ بھائی اراضیات میں کام کرنے کے لیے گھر سے نکلا تھا، تاہم شام تک واپس نہیں آیا۔ اہلخانہ اس کی تلاش میں مصروف تھے کہ انہیں رحیم خان کی قتل شدہ لاش ملنے کی اطلاع ملی۔
مدعیہ کے مطابق ان کے خاندان کی کسی کے ساتھ دشمنی نہیں تھی۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور نامعلوم ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مقتول کے موبائل ڈیٹا سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے جبکہ مشکوک افراد کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔
ورثا کے مطابق رحیم خان خاندان کا واحد سہارا تھا۔ اس کے انتقال سے اس کا 3 سالہ بیٹا یتیم ہوگیا جبکہ مقتول اپنی بیمار والدہ اور بہنوں کی کفالت بھی کررہا تھا۔ مقتول کے والد پہلے ہی انتقال کرچکے ہیں۔
تھانہ خزانہ کی حدود میں 38 سالہ شخص قتل
دوسری جانب تھانہ خزانہ کی حدود میں بھی نامعلوم افراد نے 38 سالہ محمد وصال کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
تھانہ خزانہ پولیس کے مطابق بیڑئی گودر شاہ عالم میں تخت آباد کے مقام پر ایک نوجوان کی قتل شدہ لاش ملی۔ مقتول کے بھائی جہانگیر ولد حجرت میر سکنہ شاہین مسلم ٹاؤن نے بتایا کہ وہ فقیر آباد میں اپنی دکان پر موجود تھا جب اسے اطلاع ملی کہ اس کے بھائی محمد وصال کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔
اطلاع ملنے پر جہانگیر جائے وقوعہ پر پہنچا جہاں محمد وصال کی خون میں لت پت لاش پڑی تھی۔ مدعی کے مطابق ان کی بھی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔
پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کردی جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے نامعلوم ملزمان کی تلاش کررہی ہے۔







