برطانیہ میں شوہر کا اہلیہ کو نشہ دے کر زیادتی کا اعتراف

برطانیہ میں ایک شخص نے اپنی اہلیہ کو نشہ آور مواد دے کر 20 سال سے زائد عرصے تک بار بار زیادتی کا نشانہ بنانے کا اعتراف کرلیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شمالی انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے تقریباً 60 سالہ شخص نے مانچسٹر کی مقامی عدالت میں 45 الزامات میں اعتراف جرم کیا۔

استغاثہ کے مطابق ملزم اور متاثرہ خاتون کی شادی 40 سال قبل ہوئی تھی، جبکہ شوہر کی جانب سے مبینہ جرائم کا سلسلہ 2004 میں شروع ہوا اور 2025 تک جاری رہا۔

ملزم نے عدالت میں 2004 سے 2025 کے دوران اہلیہ کو بے ہوش کرنے کے لیے نشہ آور مواد دینے، بے ہوشی کی حالت میں ریپ کرنے اور ان کی مرضی کے بغیر نجی تصاویر شیئر کرنے کے الزامات تسلیم کیے۔

پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ متاثرہ خاتون کو اس کے اپنے گھر میں شوہر کی جانب سے نشہ دینے کے بعد بار بار بے ہوشی کی حالت میں زیادتی اور جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

اس مقدمے میں مزید 12 افراد بھی نامزد ہیں، جن کی عمریں 28 سے 74 سال کے درمیان ہیں۔ ان افراد پر 2018 سے 2025 کے دوران متاثرہ خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، تاہم تمام ملزمان نے الزامات سے انکار کیا ہے۔

گریٹر مانچسٹر پولیس کے اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل رک جیکسن نے کہا کہ پولیس کی توجہ اس ہولناک سلسلہ وار زیادتی کا شکار خاتون کی مدد پر مرکوز ہے اور یہ ایک انتہائی پیچیدہ تفتیشی کیس ہے۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو ماہرین کی جانب سے ضروری معاونت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

دیگر 12 ملزمان کے خلاف مقدمے کی سماعت بھی اسی عدالت میں ہوگی، جو کئی ماہ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

برطانیہ میں ایسا ہی ایک سابقہ کیس

2022 میں برطانیہ میں اسی نوعیت کے ایک مقدمے میں ایک شخص کو 11 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مذکورہ شخص 2011 سے 2016 تک اپنی اہلیہ کو نشہ آور مواد دے کر زیادتی کا نشانہ بناتا رہا تھا۔

متاثرہ خاتون کے مطابق شوہر نے اعتراف کیا تھا کہ وہ ان کی چائے میں نشہ آور مواد ملا دیتا اور ان کے بے ہوش ہونے کے بعد زیادتی کرتا تھا۔ اس دوران وہ ان کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز بھی بناتا تھا۔

یہ خاتون اب ایک اور متاثرہ خاتون کے ساتھ مل کر ایسے جرائم کے خلاف آگاہی مہم چلا رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed