امریکی شہر سان فرانسسکو کے اوشن بیچ کے قریب ایک منفرد تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 100 سے زائد افراد نے اپنی ذہنی جھنجھلاہٹ اور غصے کو ختم کرنے کے لیے بحر الکاہل کی جانب رخ کر کے بیک وقت شدید نعرے بازی اور چیخ و پکار کی۔ "گٹرل اسکریم ایٹ دی سی” نامی اس انوکھے اجتماع کا انعقاد ڈینیئل ایگن نامی مقامی رہائشی نے کیا، جن کا کہنا تھا کہ وہ خود اندرونی دباؤ کے باعث چیخنا چاہتے تھے اور اسی لیے انہوں نے دیگر شہریوں کو بھی اس کا حصہ بنایا۔
اس تقریب کی تشہیر کے دوران شرکت کی وجوہات میں بڑھتے ہوئے مکانات کے کرائے، مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والی بیزاری، روزمرہ کا غصہ اور چیخنے کے بعد ملنے والا سکون شامل تھا۔ اجتماعی نعرے بازی سے قبل ایک باقاعدہ مقابلہ بھی کرایا گیا جس میں شرکا کی آواز کی شدت، طوالت اور انداز کا جائزہ لیا گیا۔ اس مقابلے کی فاتح اولیویا گوگلیموٹو رہیں جن کی چیخ کی آواز 121.9 ڈیسی بیل ریکارڈ کی گئی جو عالمی ریکارڈ سے معمولی کم تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی چیخ کسی مخصوص واقعے کے بجائے مجموعی عالمی حالات کے خلاف تھی۔







