شانگلہ کے تعلیمی اداروں میں ریسکیو1122کی آگ سے بچا ئو اور فرسٹ ایڈ تربیت کاسلسلہ جاری ہے۔گورنمنٹ ڈگری کالج چکیسر میں طلبہ کو ابتدائی طبی امداد، فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی عملی تربیت دی گئی 1122 پر مفت کال کی سہولت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ریسکیو 1122شانگلہ کی جانب سے ضلع بھر کے مختلف تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر اور اہم اداروں میں ابتدائی طبی امداد، آگ سے بچا اور ہنگامی صورتحال سے محفوظ رہنے کے حوالے سے آگاہی و تربیتی پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ ڈگری کالج چکیسر میں ایک روزہ تربیتی و آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں کالج کے طلبہ کو ابتدائی طبی امداد، آگ سے بچا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور محفوظ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی تربیت فراہم کی گئی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 شانگلہ انجینئر ملک شیر دل خان کی نگرانی میں ریسکیو 1122 کی ٹریننگ ونگ نے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر طلبہ کو ابتدائی طبی امداد کے بنیادی اصولوں، آگ لگنے کی صورت میں حفاظتی اقدامات، ایمرجنسی سے محفوظ طریقے سے نکلنے اور ریسکیو سروسز کے بروقت استعمال کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔تربیتی سیشن کے دوران طلبہ کو بتایا گیا کہ کسی بھی حادثے، آگ، طبی ایمرجنسی یا دیگر ہنگامی صورتحال میں گھبرانے کے بجائے فوری طور پر محفوظ مقام اختیار کیا جائے اور ریسکیو 1122 کی مفت ہیلپ لائن 1122 پر کال کی جائے جہاں شہریوں کو 24 گھنٹے بلا معاوضہ ہنگامی ریسکیو خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر ملک شیر دل خان نے کہا کہ شانگلہ میں آگ سے بچا اور ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے آگاہی و تربیت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انجینئرملک شیردل خان نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا مقصد صرف حادثات کے بعد امدادی کارروائیاں کرنا نہیں بلکہ عوام کو حادثات اور ہنگامی حالات سے پہلے ہی نمٹنے کے قابل بنانا بھی ہے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سے ضلع شانگلہ کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر آگاہی اور تربیتی سرگرمیاں جاری ہیں جن کے دوران مختلف سرکاری دفاتر، اہم اداروں اور تعلیمی اداروں میں طلبہ، ملازمین اور عام شہریوں کو ابتدائی طبی امداد اور فائر سیفٹی کے حوالے سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ان سرگرمیوں میں ریسکیو 1122 کی فائر فائر فائٹنگ ٹیمیں اور میڈیکل ٹیمیں مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے، حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال کے دوران ابتدائی چند منٹ انتہائی اہم ہوتے ہیں، اگر عوام کو بنیادی طبی امداد اور آگ سے بچا کے اصولوں کا علم ہو تو حادثات کے نقصانات اور جانی نقصان میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ اسی مقصد کے تحت ریسکیو 1122 شانگلہ نے ضلع بھر میں آگاہی پروگراموں کا دائرہ وسیع کر دیا ہیں۔تربیتی پروگرام میں طلبہ کو ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی سروسز، فائر فائٹنگ، میڈیکل ایمرجنسی، ریسکیو آپریشنز اور ہنگامی حالات میں عوام کے کردار کے بارے میں بھی مکمل معلومات فراہم کی گئیں۔ طلبہ کو اس امر کی ترغیب دی گئی کہ وہ حاصل کردہ تربیت اور معلومات اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور معاشرے کے دیگر افراد تک بھی پہنچائیں۔ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق شانگلہ کے مختلف علاقوں میں یہ آگاہی و تربیتی سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ابتدائی طبی امداد، فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے بنیادی طریقوں سے روشناس کرایا جا سکے۔۔







