خیبرپختونخوا میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ تیز ہوگیا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے میں مزید 98 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی جو گزشتہ 34 ہفتوں کے دوران رپورٹ ہونے والی سب سے زیادہ ہفتہ وار تعداد ہے۔ اس سے قبل ایک ہفتے میں 87 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کی تازہ رپورٹ کے مطابق 27 اگست سے 3 ستمبر تک کوہاٹ میں سب سے زیادہ 41، پشاور میں 33 اور بنوں میں 10 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ دیگر اضلاع میں نئے کیسز کی تعداد 10 سے کم رہی۔رواں سیزن میں پشاور 220 مجموعی کیسز کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے جبکہ کوہاٹ 209 کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ بنوں میں 52، ہری پور میں 26 اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 11 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ باجوڑ، صوابی اور سوات میں 10، 10، چارسدہ میں 9، نوشہرہ اور مہمند میں 8، 8 کیسز سامنے آئے۔ دیگر 24 اضلاع میں کیسز کی تعداد ایک سے سات تک رہی۔محکمہ صحت کے مطابق رواں سیزن میں مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے 3 ہزار 487 مشتبہ مریضوں کی اسکریننگ کی گئی جن میں 581 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی طبی مراکز سے علاج کرانے والے مریضوں کی وجہ سے اصل تعداد سرکاری اعداد و شمار سے زیادہ ہوسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق چارسدہ، مالاکنڈ، خیبر، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ، صوابی اور ہنگو سمیت 11 اضلاع میں ڈینگی مچھروں کی افزائش گاہوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔







