کوہستان کے دور افتادہ اور دشوار گزار علاقے لائیڈی ویلی، کولائی پالس میں خگارا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (KDO)نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے دو روزہ مفت طبی کیمپ میں 310 خواتین اور 120 مردوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ 45 بچوں، جن میں بیشتر زیرو ڈوز تھے، کی ویکسی نیشن کی گئی۔کے ڈی او کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فرح شاہد کے مطابق طبی ٹیم نے تقریبا 80 کلومیٹر سڑک کے ذریعے اور مزید 40 سے 45 کلومیٹر پیدل دشوار گزار پہاڑی راستہ طے کرکے وادی تک رسائی حاصل کی۔ طبی ٹیم کو آمدورفت میں ایک دن کا وقت لگا، تاہم دشوار گزار سفر کے باوجود دور افتادہ آبادی تک صحت کی سہولیات پہنچائی گئیں۔کیمپ میں مریضوں کا طبی معائنہ، بنیادی تشخیصی سہولیات، ادویات اور بچوں کی حفاظتی ویکسی نیشن فراہم کی گئی۔ آس پاس کے دیہات سے بھی لوگ کئی گھنٹوں کا پیدل سفر کرکے طبی کیمپ پہنچے اور علاج معالجے کی سہولیات سے استفادہ کیا۔فرح شاہد نے کہا کہ دشوار گزار جغرافیائی حالات اور طویل فاصلے کے باعث علاقے کے مکینوں کو معمول کی طبی سہولیات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے ایسے علاقوں میں صحت کی سہولیات براہ راست پہنچانا انتہائی اہم ہے۔انہوں نے طبی ٹیم کی معاونت اور دور افتادہ وادی تک رسائی میں سہولت فراہم کرنے پر ڈپٹی کمشنر کوہستان نورالامین اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیرزادہ صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ مقامی آبادی نے طبی ٹیم کا روایتی مہمان نوازی کے ساتھ استقبال کیا اور کیمپ کے انعقاد کو سراہا۔کیمپ کے دوران مقامی سطح پر کرکٹ اور روایتی گھڑ دوڑ کے مقابلے بھی منعقد ہوئے، جس میں وادی کے مختلف علاقوں سے لوگوں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر نورالامین نے کامیاب کھلاڑیوں اور دیگر شرکا میں انعامات تقسیم کیے







