خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور کے سابقہ سینیٹ کے ممبر، معروف کاروباری شخصیت اور اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ)خیبرپختونخوا کے صدر ضیا الحق سرحدی(ستارہ امتیاز)نے گزشتہ روز نئی تعینات ہونے والی کے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی کو وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دیتے ہوئے انہیں کے ایم یو کی ترقی اور درپیش مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ یہ ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں ان کے آفس میں ہوئی انہوں نے کہا کہ کے ایم یونے پچھلے انیس سالوں کے دوران پروفیسر ڈاکٹر داد خان، پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ، پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید اور پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق کی سربراہی میں جو نمایاں ترقی کی ہے وہ قابل تحسین ہے

اور خاص کر سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق کی کے ایم یو کو ملک کے مایہ ناز یونیورسٹی بنانے اور طبی شعبے میں کلیدی کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے موجودہ تعینات ہونے والی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی سے کہا کہ جو کام پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے پائپ لائن میں چھوڑ کر گئے ہیں وہ کام انشا اللہ آپ پایہ تکمیل تک لے جائیں گی بلکہ کے ایم یو کو ملک کی بہترین جامعہ بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گی ۔اس موقع پر ضیا الحق سرحدی جوکہ پاک افغان جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر بھی ہیں نے کے ایم یو کے رجسٹرار انعام اللہ وزیر سے بھی ملاقات کی اورانتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آخر میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی اور رجسٹرار انعام اللہ نے ضیا الحق سرحدی کو ان کی چالیس سالہ خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے صدارتی ایوارڈ ”ستارہ امتیاز”ملنے پر مبارک باد پیش کی جبکہ ملاقات کے اختتام پر ضیا الحق سرحدی نے محترمہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ نازلی کو تہنیتی گلدستہ بھی پیش کیا۔







