رواں سال پاکستان میں ہاکی کی بحالی کا سال ثابت ہو رہا ہے، صدر پی ایچ ایف

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف ) کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی بحالی کا سال ثابت ہو رہا ہے۔ایک بیان میں صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ رواں سال مینز کے ساتھ ساتھ ویمنز ہاکی کی ترقی و ترویج پر بھی برابر توجہ دی جا رہی ہے۔محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ہاکی کی ترقی اور گراس روٹ لیول سے قومی ٹیم تک ایک مضبوط اور پائیدار نظام کے قیام کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی انڈر 21 ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے بعد ہماری ویمنز ہاکی ٹیم نے عمان میں منعقدہ جونیئر انڈر 21 ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ اب وہ وہاں جاری انڈر 18 چیمپئن شپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔پی ایچ ایف کے صدر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر یہ پیشرفت کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے انتہائی اہم سنگِ میل ثابت ہوگی اور انہیں مستقبل کے عالمی مقابلے سمیٹنے کے لیے تیار کرے گی جبکہ پی ایچ ایف جونیئر اور سینئر دونوں ویمنز ٹیموں کی ترقی اور استعدادِ کار بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔محی الدین احمد وانی نے کہا کہ فیڈریشن کھیل کے ہر شعبے بشمول فٹنس، تکنیکی مہارتیں، جدید حکمتِ عملی، اسپورٹس سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ، آنے والے مہینوں میں پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کے لیے ایک عالمی سطح کے بین الاقوامی کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ کھلاڑیوں کو مخصوص اور جدید ترین تربیت فراہم کی جا سکے۔پی ایچ ایف کے صدر نے مزید کہا کہ فیڈریشن کا بنیادی ہدف ایک ایسی مسابقتی ویمنز ہاکی ٹیم تیار کرنا ہے جو بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں حاصل کر کے کھیل کی دنیا میں پاکستان کے دیرینہ اور فخرانہ وراثت کو بحال کر سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed