وزیراعلی خیبرپختونخوا نے مختلف سرکاری محکموں کے لیے 23 اراکینِ صوبائی اسمبلی کو پارلیمانی سیکرٹریز مقرر کر دیا۔ اس ضمن میں محکمہ انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق علی شاہ کو ہائوسنگ، عامر فرزند خان کو معدنی ترقی، سلطان روم کو اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور، مرتضی خان ترکئی کو زراعت جبکہ فتح الملک علی ناصر کو ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ اور عجائب گھروں کا پارلیمانی سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح زر عالم خان کو ایکسائز، ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات، محمد ریاض کو کھیل و امورِ نوجوانان، عبد الکبیر خان کو اعلی تعلیم، محمد نعیم کو ریونیو اینڈ اسٹیٹ اور محمد اعظم خان کو زکو، عشر، سماجی بہبود اور خواتین کو بااختیار بنانے کے محکمے کا پارلیمانی سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق آصف خان کو خزانہ، زبیر خان کو آبپاشی، شفیع اللہ کو ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ، شرافت علی کو مواصلات و تعمیرات، محمد یامین کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور اشفاق احمد کو بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی کا پارلیمانی سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے جبکہ رجب علی خان عباسی کو ابتدائی و ثانوی تعلیم، محبوب شیر کو لائیوسٹاک، شیر علی آفریدی کو موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات، عبیدالرحمان کو اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، جوہر محمد کو ٹیوٹا، زرشاد خان کو صنعت و تجارت جبکہ زاہد اللہ خان کو محکمہ داخلہ و قبائلی امور کا پارلیمانی سیکرٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق مذکورہ تقرریاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی اور پارلیمانی سیکرٹریز اپنے متعلقہ محکموں میں حکومتی و پارلیمانی امور کی انجام دہی میں معاونت کریں گے۔







