ضلع ہنگو کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور ڈوبنے کے دو الگ الگ واقعات میں ایک نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق نواحی علاقے محمد خواجہ میں مبینہ طور پر پرانی دشمنی کے باعث نامعلوم افراد نے اپنے باغ میں موجود بہرام نامی شخص پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس اسٹیشن صدر نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔دوسرے واقعے میں نواحی علاقے توغ سرائے میں بارانی تالاب میں نہاتے ہوئے 17 سالہ عثمان ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ متوفی محلہ عمر آباد کالونی توغ سرائے کے رہائشی محمد سعد امیر کا بیٹا تھا۔ مقامی لوگوں نے لاش تالاب سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دی۔







