فیفا ورلڈ کپ 2026کی فاتح سپین کی قومی فٹبال ٹیم کا وطن واپسی پر تاریخی استقبال کیا گیا، جہاں دارالحکومت میڈرڈ کی سڑکوں پر تقریبا 18 لاکھ شائقین نے عالمی چیمپئینز کا والہانہ خیرمقدم کیا۔امریکا کے شہر نیو جرسی میں کھیلے گئے فائنل میں ارجنٹائن کو اضافی وقت میں ایک، صفر سے شکست دینے کے ایک روز بعد سپین کی 26 رکنی ٹیم اور کوچنگ سٹاف وطن پہنچا، جہاں سب سے پہلے انہوں نے شاہی خاندان اور وزیراعظم پیڈرو سانچیز سے ملاقات کی۔وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے ٹیم کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے کھیل کے انداز، محنت اور شاندار فتح پر پوری قوم کو فخر ہے، ہم نے آپ کے ہر میچ سے بھرپور لطف اٹھایا۔بعد ازاں کھلاڑی ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ کھلی چھت والی بس میں سوار ہو کر میڈرڈ کی تاریخی شاہراہوں سے گزرے، بس پر ہم سب ستارے ہیں اور کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں تھیں، جبکہ ٹیم کے ارکان ہم چیمپیئن ہیں درج خصوصی شرٹس پہن کر شائقین کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔سپین کے ہیڈ کوچ لوئس دے لا فوئنٹے نے کہا کہ اپنے ملک اور اس کے پرجوش عوام کی نمائندگی کرنا ان کیلئے انتہائی فخر اور جذباتی لمحہ ہے۔حکام کے مطابق تقریبا 18 لاکھ افراد نے مختلف شاہراہوں اور سیبیلیس سکوائر میں جمع ہو کر ٹیم کا استقبال کیا، جہاں موسیقی کی محفل بھی سجائی گئی اور جشن رات گئے تک جاری رہا۔تاہم جشن کے دوران ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا۔ حکام کے مطابق میڈرڈ کے شمال مغرب میں واقع شہر سالامانکا میں جشن مناتے ہوئے ایک فوارہ گرنے سے 13 سالہ لڑکا جان کی بازی ہار گیا، جس پر ملک بھر میں افسوس کا اظہار کیا گیا۔







