ملک کے مختلف شہروں میں تیز آندھی و طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ، مختلف حادثات میں خواتین و بچوں سمیت کم ازکم 10 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے،متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ بجلی و مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔تفصیل کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی، موسلا دھار بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے ۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری نقصانات کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ جاں بحق ہونے والے 9 افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف واقعات میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔واقعات ڈیرہ اسماعیل خان ، دیر اپر، کوہاٹ اور اورکزئی کے اضلاع میں پیش آئے، تیز آندھی اور بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 4 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں سے 3 گھروں کو جزوی جبکہ ایک گھر کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر امدادی سامان فراہم کیا جائے اور ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور مقامی ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں فیلڈ پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور بالخصوص حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال یا موسمی معلومات کے لیے شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں گردآلو آندھی کے بعد کہیں تیز توکہیں ہلکی بارش ہوئی، کوٹ قیصرانی کے مقام پر نالے میں مسافر پھنس گئے اور ٹریکٹر ٹرالی پر سوار 10 افراد کو ندی سے باہر نکال لیا گیا۔ فیصل آباد میں کوکیانوالہ روڈ پرمکان کی چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے، میاں چنوں میں طوفانی بارش کے باعث مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، بارشوں کا سلسلہ 22 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔







