پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف)نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کیلے خوشخبری سناتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ انعامی رقم اور مختلف ایونٹس کے واجبات ادا کر دئیے ہیں۔پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی کے مطابق قومی کھلاڑیوں کو پرو لیگ اور ورلڈ کپ کے ڈیلی الانسز سمیت مجموعی طور پر 45 ملین روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ محی الدین وانی نے بتایا کہ ہر قومی کھلاڑی کو انفرادی طور پر 22 لاکھ روپے موصول ہوئے ہیں، جو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن قومی کھیل کی ترقی اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ بہتر کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی تاکہ قومی ہاکی مزید کامیابیاں حاصل کر سکے۔







