گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت منعقدہ قومی سطح کے ایپکس کمیٹی اجلاس میں خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا گیا، جبکہ صوبے کے مختلف مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو ایک بدلتا، نکھرتا اور مضبوط صوبہ بنانا ہے اور اس مقصد کے لیے ترقی، امن و امان اور عوامی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔گورنر فیصل کریم کنڈی گورنر ہائوس پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مشیر اطلاعات ثمر بلور اور نامزد اضلاع کے مشیر اطلاعات محمود جان بابر بھی موجود تھے۔گورنر نے کہا کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کی تاریخ میں ایک اہم دن تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں متعلقہ حکام نے سیکیورٹی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ نامزد 12 اضلاع کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے بھی مجوزہ پلان سے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے حوالے سے جو مطالبات پیش کیے گئے، وزیراعظم نے انہیں فوری طور پر تسلیم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گیس اور گندم سے متعلق مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم نے سیکرٹری خوراک کو جلد اجلاس بلانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ اضاخیل گندم گودام میں گندم کے معاملے پر انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ کام کرنے والے افسران کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی، بصورت دیگر انہیں عہدے سے الگ ہونا پڑے گا۔گورنر نے کہا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران صوبہ پیچھے چلا گیا، تاہم اب اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے







