لاہور: پٹرول پمپ ملازم پر تشدد کرنے والا پراڈو سوار گرفتار

لاہور کے علاقے جوبلی ٹاؤن میں سگریٹ نوشی سے روکنے پر پراڈو سوار شخص کی جانب سے پٹرول پمپ کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پمپ ورکر نے حفاظتی قواعد و ضوابط کے تحت کسی بھی متوقع حادثے کو روکنے کے لیے گاڑی سوار کو سگریٹ پینے سے منع کیا تھا، جس پر ملزم شدید بدسلوکی، تشدد اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی چوہنگ پولیس نے فوری اقدام کرتے ہوئے متعلقہ گاڑی کا سراغ لگا لیا۔ دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ استعمال کی جانے والی پراڈو گاڑی کرائے پر حاصل کی گئی تھی۔ پولیس نے کرایہ داری کے اندراج سے ملزم کی شناخت ادریس بھٹی کے نام سے کی اور اسے حراست میں لے لیا۔ گرفتاری کے وقت ملزم نے مزاحمت کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی پاسداری کرنے والے کسی بھی شہری پر تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ گاڑی، دولت یا طاقت کے زعم میں قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی کو محنت کش کی عزتِ نفس کی تذلیل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیس مظلوموں کی حامی اور قانون کی عملداری کی ضامن ہے، اور شہر میں محض قانون کی حکمرانی ہی قائم رہے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed