کلاج پروموشن کے زیرِ اہتمام حیات آباد پشاور میں میڈ اِن کے پی کے عنوان سے دو روزہ ثقافتی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں خیبرپختونخوا کی ثقافت، روایات اور مقامی ہنر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔فیسٹیول میں ملبوسات، جیولری، ہینڈی کرافٹس، ویکس آرٹ، پرفیوم، پینٹنگز اور دیگر مقامی مصنوعات کے رنگا رنگ اسٹالز سجائے گئے تھے، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور روایتی اشیا میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ خواتین، نوجوانوں اور فیملیز نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا جبکہ مقامی فنکاروں اور کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔سٹال شرکا نے فیسٹیول کو بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ایونٹس کا تسلسل کے ساتھ انعقاد ہونا چاہیے تاکہ مقامی انٹرپرینیورز اور ہنر مند افراد کو اپنی مصنوعات مارکیٹ تک پہنچانے اور کاروبار کو فروغ دینے کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز نہ صرف مقامی صنعت کو تقویت دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں اور خواتین کو خود روزگار کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پروگرام آرگنائزر سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈ اِن کے پی فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا اور مقامی ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ہنر مند افراد بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور ایسے پروگرام مقامی مصنوعات کو قومی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوانوں، خواتین اور چھوٹے کاروباروں کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ایونٹ کے اختتام پر موزیک کنسرٹ کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور موسیقی سے بھرپور محفل سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ کنسرٹ نے فیسٹیول کے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا جبکہ شرکا نے ثقافتی سرگرمیوں اور تفریحی پروگراموں کو سراہتے ہوئے اسے کامیاب ایونٹ قرار دیا







