نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق این ڈی ایم اے نے خصوصی آگاہی پیغامات اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مون سون کے دوران محتاط رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں متوقع موسلا دھار بارشوں کے باعث اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔اتھارٹی کے مطابق 11 سے 13 جولائی کے دوران شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ برقرار رہے گا جبکہ 10 سے 14 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں سیلاب کے خطرات موجود رہیں گے۔این ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شدید بارشوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہو سکتی ہے، جس سے مٹی اور پتھروں کے ریلوں، اچانک سیلاب اور آبی گزرگاہوں میں طغیانی کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ادارے نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں کو حساس قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ قراقرم ہائی وے، جگلوٹ۔اسکردو روڈ، ہنزہ۔گوجال روڈ اور غذر، نلتر، بگروٹ اور ہراموش کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں، گرج چمک اور موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں معمولی کمی آئے گی، تاہم حبس کی کیفیت برقرار رہ سکتی ہے۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)نے بھی حساس اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ممکنہ بارش سے متعلقہ حادثات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ادھر واسا لاہور نے نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی بروقت نکالنے کے لیے اپنی ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، دریاں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔







