تحصیل دوسلی میں واقع وٹرنری ہسپتال ڈاکٹرز اور بنیادی سہولیات سے محروم

تحصیل دوسلی میں قائم وٹرنری ہسپتال حکومتی غفلت اور انتظامی لاپرواہی کی واضح تصویر بن چکا ہے۔ ہسپتال کی موجودہ حالت دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے برسوں سے یہاں کسی ذمہ دار افسر نے قدم ہی نہ رکھا ہو۔ عمارت خستہ حالی کا شکار، کمروں میں ویرانی، صفائی کا فقدان اور علاج معالجے کیلئے نہ ڈاکٹر موجود ہیں اور نہ ہی بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔صحافی عالم زیب وزیر کی جانب سے اس مسئلے کی نشاندہی اور رپورٹ سامنے آنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر رزمک محمد طفیل نے وٹرنری ہسپتال تحصیل دوسلی کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ہسپتال کی ابتر صورتحال دیکھ کر عوامی شکایات درست ثابت ہوئیں۔ تصاویر میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ ہسپتال عرصہ دراز سے عدم توجہی اور غفلت کا شکار ہے۔

مقامی افراد کے مطابق اس ہسپتال میں نہ تو ویٹرنری ڈاکٹر تعینات ہیں اور نہ ہی جانوروں کے علاج کیلئے ضروری ادویات موجود ہیں، جس کے باعث علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہوچکے ہیں جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر محمد طفیل نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی، جبکہ معاملے کی شکایت لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ اور ڈپٹی کمشنر کو بھی ارسال کردی گئی ہے تاکہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور ہسپتال کو فعال بنایا جا سکے۔علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وٹرنری ہسپتال دوسلی میں فوری طور پر ڈاکٹرز، عملہ اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عوام اور مال مویشی پالنے والے افراد کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed