وائٹ ہائوس کوریسپونڈنٹس ایسوسی ایشن ڈنر کے باہر فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم کی حملے سے قبل ہتھیاروں کے ساتھ لی گئی سیلفیاں منظرِ عام پر آ گئیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ تصاویر امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات کا حصہ ہیں، جن میں ملزم کول ایلن کو سیاہ لباس اور سرخ ٹائی میں دیکھا جا سکتا ہے۔استغاثہ کے مطابق تصاویر میں کول ایلن کے پاس ایک نیام میں رکھا چاقو، کندھے پر ہولسٹر اور ایک بیگ بھی موجود ہے جس میں بظاہر گولہ بارود رکھا گیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم نے یہ تصویر ہفتے کی رات تقریبا 8 بج کر 3 منٹ ای ڈی ٹی پر لی، جو مبینہ حملے سے تقریبا آدھا گھنٹہ قبل کا وقت ہے، جب وہ ایک شاٹ گن کے ساتھ سیکیورٹی چیک پوائنٹ کی جانب دوڑا۔عدالتی دستاویزات میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم نے صدر اور خاتونِ اول کی نقل و حرکت پر مختلف ویب سائٹس اور میڈیا کوریج کے ذریعے نظر رکھی ہوئی تھی۔ مزید بتایا گیا کہ حملے سے قبل ملزم نے ای میلز بھی تحریر کیں جن میں اپنے ارادوں کا ذکر کیا اور انہیں 25 اپریل کو رات ساڑھے 8 بجے مخصوص افراد کو بھیجنے کے لیے شیڈول کیا، یعنی وہ وقت جب وہ ہتھیاروں سے لیس ہو کر سیکیورٹی چیک پوائنٹ عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔امریکی اسسٹنٹ اٹارنی چارلس جونز کے مطابق اگر ملزم اپنے منصوبے میں کامیاب ہو جاتا تو یہ امریکی تاریخ کے تاریک ترین دنوں میں سے ایک ہوتا۔محکمہ انصاف کی جانب سے اسلحے کی تصاویر بھی پیش کی گئی ہیں، جن میں ایک ہینڈ گن اور شاٹ گن شامل ہیں، جو گرفتاری کے وقت ملزم کے قبضے میں تھیں۔31 سالہ ملزم پر صدر ٹرمپ کے قتل کی کوشش، ریاستوں کے درمیان اسلحے اور گولہ بارود کی منتقلی برائے مجرمانہ ارادہ اور پرتشدد جرم کے دوران فائرنگ کرنے جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔







