پاکستان سپر لیگ کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 118 رنز سے عبرتناک شکست دے دی

 محمد سلیمان خان کراچی
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 29ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے 118 رنز سے عبرتناک شکست دے دی، بابر اعظم آج واقعی گرجے بھی اور برسے بھی، انہوں نے شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 100 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو 255 رنز کے پہاڑ جیسے اسکور تک پہنچا دیا، پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں ہوا جہاں محمد حارث نے صرف 6 گیندوں پر 16 رنز بنا کر رفتار سیٹ کی، اس کے بعد بابر اعظم اور کُسل مینڈس نے میدان سنبھالا اور دونوں کے درمیان شاندار شراکت قائم ہوئی، مینڈس نے بھی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 83 رنز بنائے جس میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، آخر میں ایرون ہارڈی نے 10 گیندوں پر 26 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اسکور کو 255 تک پہنچایا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے باؤلرز مکمل طور پر بے بس دکھائی دیے اور کوئی بھی زلمی کے بلے بازوں کو قابو نہ کر سکا، 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، سعود شکیل اور ریلی روسو جلد پویلین لوٹ گئے جبکہ دیگر بیٹرز بھی خاطر خواہ مزاحمت نہ کر سکے،
بیون جیکبز نے 34 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی مگر وہ بھی ٹیم کو بڑی شکست سے نہ بچا سکے، پوری ٹیم 18.1 اوورز میں صرف 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی،
پشاور زلمی کی جانب سے محمد باسط اور علی رضا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایرون ہارڈی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس شاندار فتح کے ساتھ پشاور زلمی نے نہ صرف اپنی بیٹنگ طاقت کا لوہا منوایا بلکہ ایونٹ میں اپنی پوزیشن بھی مزید مستحکم کر لی جبکہ بابر اعظم کی یہ سنچری شائقین کرکٹ کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گئی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed