پاکستان اور امریکہ نے خطے میں امن واستحکام کیلئے ملکر کام پر اتفاق کیا ہے جبکہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے وفود کی تعمیری اور مثبت انداز میں مذاکرات میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ امید ہے بات چیت خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے دورے پر موجود امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی امریکی نائب صدر کے ہمراہ تھے جبکہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ۔جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اہم علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔اس موقع پر وزیرِ اعظم نے ایران اور امریکا کے وفود کی تعمیری اور مثبت انداز میں مذاکرات میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کی جانب ایک اہم پیشرفت ثابت ہوسکتے ہیں۔ شہبازشریف نے کہاکہ امید ہے مذاکرات دونوں اطراف کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔وائٹ ہائوس کی جانب سے بھی امریکی نائب صدرجے ڈی وینس کی وزیراعظم پاکستان شہبازشریف سے ملاقات کی تصدیق کی گئی ہے۔







