ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے کبوتربازی کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔جس میں مختلف علاقوں سے ایک ساتھ درجنوں کبوتروں کو فضا میں چھوڑا گیا، اس ایونٹ کا مرکزی مقام چوگلہ ڈیرہ اسماعیل خان کو قرار دیا گیا۔کبوتربازی کے اس مقابلے پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبوتر کا اصل کام پیغام پہنچانا ہوتا ہے، اگر علی امین گنڈاپور کسی کو پیغام دینا چاہتے ہیں تو بتا دیں، ہم خود پہنچا دیں گے۔گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور تو ماضی میں اللہ میاں کو بھی موبائل فون پر میسج کرنے کی بات کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں سنجیدگی بے حد ضروری ہے، غیر سنجیدہ بیانات اور سرگرمیاں سیاست کو مذاق بنا دیتی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ جب سیاستدان غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہیں تو عوام سیاست کو تماشہ سمجھنے لگتے ہیں، جبکہ ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہی سنجیدہ اور مثبت سیاست کی بنیاد ہوتا ہے۔کبوتربازی کے اس مقابلے اور گورنر کے بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں بحث کا آغاز ہو گیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔







