گندھارا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسن خٹک اور فرنٹیئر ماڈل اسکول کے منیجنگ ڈائریکٹر یاور نصیر نے پشاور میں قائم چائنہ ونڈو کا دورہ کیا اور پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے ثقافتی، تعلیمی اور عوامی روابط کے شعبوں میں ادارے کی خدمات کو سراہا۔دونوں ممتاز ماہرینِ تعلیم کو چائنہ ونڈو کے اغراض و مقاصد، سرگرمیوں اور کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے مختلف گیلریوں کا دورہ کیا جہاں چینی ثقافت، تاریخ، ترقی، سی پیک اور پاکستان و چین کے دیرینہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

انہوں نے چائنہ ونڈو کو ایک جدید اور معیاری ثقافتی مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے دونوں ممالک کے عوام، خصوصا نوجوان نسل، کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔مہمانوں کو چائنہ ونڈو میں جاری مفت چینی زبان کے کورسز، باالخصوص ایچ ایس کے ون اور ایچ ایس کے ٹو پروگراموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ انہیں بتایا گیا کہ اب تک سینکڑوں طلبہ ان کورسز سے مستفید ہو چکے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسن خٹک نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی زبان سیکھنے سے پاکستانی طلبہ کے لیے اعلی تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستانی اور چینی جامعات کے درمیان طلبہ کے تبادلوں، اساتذہ کے باہمی روابط، مشترکہ تحقیق، سیمینارز اور تعلیمی پروگراموں کے فروغ پر زور دیا۔یاور نصیر نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کو بھی ثقافتی اور زبان سے متعلق پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ شریک کیا جانا چاہیے تاکہ وہ چین، اس کی ثقافت اور عوام کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کر سکیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دونوں ماہرینِ تعلیم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور کئی دہائیوں پر محیط تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ باقاعدہ ثقافتی و تعلیمی تبادلوں اور طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کے ذریعے یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو خیبر پختونخوا میں ثقافتی اور عوامی سفارت کاری کا ایک اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے اور پاک چین تاریخی دوستی کو مزید مستحکم کرنے میں قابل قدر کردار ادا کر رہا ہے۔







