رپورٹ: عدنان بشیر | عکاسی: احتشام الرحمن
ایس پی سٹی پشاور ارشد خان اور ڈی ایس پی گل بہار اختر نصیر نے گزشتہ روز پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز "چائنا ونڈو” کا خصوصی دورہ کیا۔ دونوں افسران نے ادارے کے مختلف ثقافتی، تعلیمی اور معلوماتی حصوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور پاک چین دوستی کے فروغ میں ادارے کے کردار کو سراہا۔چائنہ ونڈو پہنچنے پر مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بعدازاں انہیں مرکز کی مختلف گیلریوں کا دورہ کرایا گیا جن میں "پاک چین دوستی گیلری”، "بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو”، "چینی زبان و خطاطی”، "روایتی چینی لباس و ثقافت”، اور "فنِ تعمیر” پر مبنی حصے شامل تھے۔ مہمان افسران نے چینی تہذیب و ترقی کے مختلف پہلوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ایس پی ارشد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چائنا ونڈو ایک ایسا مرکز ہے جہاں علم، ثقافت اور دوستی ہم آہنگ ہو کر نوجوانوں کو عالمی شعور فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے

ایسے ادارے اس رشتے کو عوامی سطح پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ڈی ایس پی گل بہار اختر نصیر نے کہا کہ چائنا ونڈو نے نہایت سلیقے سے چین کی تہذیب، ترقی اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اجاگر کیا ہے، جو نہ صرف قابلِ تعریف ہے بلکہ نوجوانوں کے لیے سیکھنے کا بہترین موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ دیگر سرکاری اداروں کے افسران کو بھی ایسے مراکز کے دورے کرائے جائیں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر ثقافتی ہم آہنگی کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔دورے کے دوران مہمان افسران کی موجودگی میں سینئر صحافی امجد عزیز ملک کی لکھی ہوئی کتاب پیش کی گئی، جسے علمی و ادبی حلقوں میں بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

آخر میں ایس پی ارشد خان اور ڈی ایس پی اختر نصیر نے چائنا ونڈو کی (Friendship Wall) پر اپنے دستخط ثبت کیے۔ انہوں نے اس لمحے کو پاک چین لازوال دوستی کا علامتی اظہار قرار دیتے ہوئے ادارے کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔چائنا ونڈو کی انتظامیہ نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ آئندہ بھی ثقافتی تبادلوں، تعلیمی روابط اور عوامی سطح پر پاک چین دوستی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔








