شعیب جمیل
پشاور ہائیکورٹ نے محکمہ خوراک کے دو افسران قاضی جنید اور محمد عاطف کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں اور گندم سکینڈل کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں گندم سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے محکمہ خوراک کے افسران قاضی جنید اور محمد عاطف کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔ عدالت کے تحریری حکم نامے کے مطابق ملزمان نوشہرہ کے اضاخیل گودام میں تعینات تھے اور انہوں نے ملی بھگت سے 33 ہزار بوریاں گندم غائب کیں اور ریکارڈ کے مطابق 1730 میٹرک ٹن گندم غائب کی گئی جس سے سرکاری خزانے کو 19 کروڑ راور85لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے انکوائری کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ عدالت نے فیصلے میں واضح کیا کہ ملزمان اس وقت ڈیوٹی پر تھے اس لیے ملزمان کو گندم غائب کرنے کے الزامات سے مبرا نہیں کیا جاسکتا لہذا دونوں ملزمان کی ضمانت درخواستیں خارج کی جاتی ہے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت درخواستیں خارج کرکے ملزمان کو جیل میں رکھنے کا حکم دیدی۔







