پاکستان کی افغانستان میں کارروائی،26ہلاک

پاک افغان سرحدی علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاک افغان سرحدی علاقوں میں خفیہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئی ہیں، 9جون 2026 کو موسی درہ میں فیڈرل کانسٹیبلری کی چوکی پر ہونیوالے دہشتگرد حملے کے بعد فوری ردعمل کے طور پر آپریشن کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ 2جون 2026کو شمالی وزیرستان میں فوجی پوسٹ پر گاڑی کے ذریعے خودکش حملے کے بعد دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف کارروائی تیز کی گئی۔انہوں نے کہا کہ 9مئی 2026 کو بنوں میں پولیس سٹیشن پر حملے کے بعد سکیورٹی اداروں نے مربوط اور منظم انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا، ان کارروائیوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ٹھکانوں، تربیتی مراکز اور اسلحہ ذخائر کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، کارروائیوں میں چار اہم اہداف مکمل طور پر تباہ کئے گئے جن میں ایک بڑا تربیتی مرکز اور اسلحہ گودام شامل ہیں، فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈرز علیم خان خوشالی اور اختر محمد جانی خیل سے منسلک مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کیلئے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا، شہریوں کی حفاظت ریاست کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی خطرے کا سخت جواب دیا جائے گا۔عطا تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور رفتار سے جاری ہیں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed