مہمند ڈیم ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے تحت منصوبوں سے متعلق اجلاس

مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ واپڈاکے تحت ضلع مہمند میں جاری عوامی فلاح و بہبود کی ترقیاتی سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس ضلع مہمند میں ایک ضلعی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مہمند نے کی۔ اجلاس میں مہمند ڈیم واپڈا کے اعلی حکام، رکن قومی اسمبلی ساجد خان، رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا محبوب شیر، جبکہ خیبر پختونخوا کے محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصدایڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حکومت خیبر پختونخوا کے ہدایت کردہ عملدرآمدی منصوبہ کے مطابق جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا جائزہ لینا، درپیش رکاوٹوں کے حل اور منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل کو یقینی بنانا تھا۔ یہ امرقابل ذکر ہے کہ اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت مہمند ڈیم کے متاثرہ علاقوں کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے واپڈا کی جانب سے 4500 ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے ان عوامی فلاحی منصوبوں کی مثر اور شفاف تکمیل کے لئے ان کو دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے پہلے مرحلے پر 1900ملین روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ اس مرحلے کے تحت بنیادی ڈھانچے کی بہتری، پانی کی فراہمی، تعلیم اور توانائی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔فیز1 کے اہم منصوبوں میں 524 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی یوسف بابا تا ابازئی روڈ اور 74 ملین روپے کی لاگت سے جاری ملاگوری واٹر سپلائی اسکیم شامل ہیں۔ یہ منصوبے نہ صرف علاقے میں سفری سہولیات کو بہتر بنائیں گے بلکہ مقامی آبادی کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں گے۔ واضح رہے کہ تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے 87 ملین روپے کی لاگت سے دریاب کوٹ، شہید بانڈہ اور ملک تاج میر ضلع مہمند میں تین نئے سکولوں کی تعمیر کابھی جلد آغازکیا جا رہا ہے جس کے لیے تمام انتظامی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔واپڈا, مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت اعتماد سازی کے منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے والا ادارہ ہے جبکہ ان پر عملدرآمد کی ذمہ داری صوبائی محکموں کی ہے۔ واپڈا حکام نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی محکمے بطور عملدرآمدی ادارے کام کے اعلی معیار کو یقینی بنائیں اور تعمیراتی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کر کے منصوبوں کو فوری مکمل کریں تاکہ ضلع مہمند کے عوام ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مہمند ڈیم ہائیڈروپاور پراجیکٹ واپڈاکے تحت جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ شرکا نے اتفاق کیا کہ درپیش انتظامی اور تکنیکی مسائل کو باہمی تعاون سے فوری طور پر حل کیا جائے گا اور باقی ماندہ سکیموں پر بھی جلد عملدرآمد شروع کیا جائے گا –

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed