ہر سال کی طرح اب کی بار بھی موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی پشاور میں بجلی لوڈشیڈنگ طویل ہوتی جا رہی ہے، جبکہ حکام کی جانب سے اس کا حل ڈھونڈنے کی بجائے عوام کو بجلی بندش کے دورانیہ میں طوالت کا ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے، اس قدر گرمی میں طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث مساجد اور گھروں میں پانی تک نابید ہو گیا۔پشاور کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں، علاقہ داود زئی، ناساپہ، ککڑ، بخشی پل، رنگ روڈ، پھندو روڈ، گجر آباد، گلبہار ، گنج سمیت بیشتر علاقوں میں بجلی غائب رہتی ہے، جبکہ بل اضافی ٹیکسز کیساتھ عوام کو تھمائے جاتے ہیں۔بجلی کی اس قدر طویل لوڈشیڈنگ کے باعث پشاور میں دفاتر اور سکولوں کو جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، لیکن اس صورتحال میں شہریوں کا پارہ ہائی ہو گیا اور حکومت کو قبلہ درست کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ حل نہ ہوا تو چارسدہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیں گے۔







