ضلعی انتظامیہ پشاور نے شہر میں مردہ مرغیوں کا گوشت سپلائی کرنے والے گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1200 سے زائد مردہ مرغیاں برآمد کر لیں۔ کارروائی ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)ثنا اللہ خان کی ہدایت پر باچا خان چوک کے علاقے میں کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید بشارت حسین اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عنایت الرحمان کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جس کے دوران مردہ مرغیوں کو شہر بھر میں سپلائی کیے جانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق گرفتار گروہ مردہ مرغیوں کو صاف کر کے ان کا گوشت مختلف مقامات پر سپلائی کرتا تھا، جن میں شورما، چکن برگر اور دیگر فاسٹ فوڈ کی دکانیں شامل تھیں، جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔ کارروائی کے دوران گروہ کے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ برآمد ہونے والی مردہ مرغیوں کا گوشت سرکاری تحویل میں لے کر تلف کر دیا گیا۔ اس موقع پر لائیو اسٹاک، سول ڈیفنس اور کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کے حکام بھی کارروائی میں شریک تھے







