غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملے کی زد میں آ کر بے گھر فلسطینیوں کے لیے کھانا لے جانے والے 3 امدادی کارکن جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد حماس نے جنگ بندی کے ثالثوں اور ضامن ممالک سے فوری طور پر ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی دوپہر غزہ کے جنوب مغربی علاقے تل الہوا میں اس وقت پیش آیا جب ایک گاڑی متاثرہ اور بے گھر فلسطینیوں میں تقسیم کرنے کے لیے خوراک منتقل کر رہی تھی۔ حملے میں تین امدادی کارکنوں کی ہلاکت کے علاوہ دیگر افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
حماس نے اس کارروائی کو جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ثالث ممالک سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کو معاہدے کی مکمل پاسداری کا پابند بنائیں۔
تنظیم نے اپنے مطالبات میں واضح کیا ہے کہ عام شہریوں اور امدادی عملے کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور غزہ کے مکینوں کو خوراک سمیت تمام انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جائے۔ حماس نے مزید زور دیا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور شہری سرگرمیوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ فوری بند کرایا جائے۔







