لاہور کے علاقے غازی آباد میں نجی کمپنی کی گاڑی کی ٹکر سے دو سالہ بچے فیصل کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ذمہ دار ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت احمد عارف کے نام سے کی گئی ہے۔ حاصل ہونے والی فوٹیج میں ملزم کو گاڑی کے ذریعے کمسن بچے کو کچلتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
متوفی بچے کے والد کی درخواست پر ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایس پی کینٹ نے واضح کیا ہے کہ لاپرواہی اور غفلت سے ڈرائیونگ کر کے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کا کہنا ہے کہ بچوں سمیت تمام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے۔







