وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے اعلان کیے گئے 160 ارب روپے کے بڑے ترقیاتی پیکج پر عملدرآمد کا آغاز کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ابتدائی طور پر 10 ارب روپے کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق اس پیکج کے تحت صوبے کے 12 مخصوص اضلاع کی ترقی کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، جبکہ بقیہ 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 12 مخصوص اضلاع میں کل 430 ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جائیں گی، جن میں 19 ارب 27 کروڑ روپے مالیت کے 7 خصوصی منصوبے اور 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے کے 423 دیگر منصوبے شامل ہیں۔ ان اضلاع میں 100 اور 180 روزہ مدت کے ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے، جبکہ دیگر 25 اضلاع میں مجموعی طور پر 219 ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوگا۔
امن و امان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مضبوطی کے لیے پیکج میں خطیر رقم رکھی گئی ہے، جس کے تحت 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ ہوں گے تاکہ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔
شعبہ صحت اور تعلیم کی بہتری کے لیے بھی اہم اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔ صحت کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے اور مخصوص اضلاع میں تعلیم کے 72 منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ تعلیمی پیکج کے تحت باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین دانش اسکول قائم ہوں گے، جبکہ 70 اسکولوں کی اپ گریڈیشن و مرمت اور 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔
بنیادی ڈھانچے، پانی اور زراعت کے شعبوں میں بھی متعدد منصوبے شامل ہیں۔ مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 32 منصوبوں پر 12 ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی، جن میں ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم جیسے اہم منصوبے بھی شامل ہیں۔ شہریوں کو پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے 88 واٹر سپلائی اسکیموں کو سولرائز کیا جائے گا، جبکہ زرعی ترقی کے فروغ کے لیے 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔







