پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی والدہ ڈولورس ایویرو نے ڈنمارک کے ہاتھوں پرتگال کی 1-4 سے شکست پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم اور کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈولورس ایویرو کا کہنا ہے کہ رونالڈو کو اپنے بین الاقوامی کیریئر کے اختتام پر وہ احترام نہیں دیا گیا جس کے وہ مستحق تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا اپنے فٹبال کیریئر کے اختتام پر مختلف حالات کی توقع کر رہا تھا، تاہم اسے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے رونالڈو کے سابق ساتھی کھلاڑیوں پر بھی الزام عائد کیا کہ انہوں نے ان کے بیٹے کے ساتھ مناسب احترام کا مظاہرہ نہیں کیا۔
ڈولورس ایویرو نے ڈنمارک کے خلاف پرتگال کی شکست کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس نتیجے پر خوش تھیں۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے 5 نومبر کو 23 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے بعد پرتگال کی قومی ٹیم کی نمائندگی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
ڈنمارک کے خلاف میچ سے قبل پرتگالی ٹیم نے رونالڈو کو خراج تحسین پیش کرنے کا اہتمام کیا تھا، تاہم وہ اس تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
رونالڈو کی والدہ نے اس اقدام پر بھی ناراضی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کو ان کی غیر موجودگی میں خراج تحسین پیش کرنے کے بجائے ان کی موجودگی میں اعزاز دیا جانا چاہیے تھا۔
دوسری جانب پرتگال کے کوچ جارج جیزس نے ڈولورس ایویرو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ماں ہیں اور اپنے بیٹے کا دفاع کرنا ان کا فطری حق ہے۔







