خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری، زمینی رابطے منقطع

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم سرد ہو گیا ، تاہم برف باری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا، زمین رابطے منقطع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں اپر چترال، ناران اور سوات میں بارش اور برفباری کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے، جبکہ پہاڑی سڑکوں کی بندش اور زمینی رابطے متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو سڑکوں کی بحالی، خوراک کے ذخیرے اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔اپر چترال میں بارش اور بالائی پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ برفباری یا لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے کی صورت میں فوری بحالی کے لیے بھاری مشینری تیار رکھی جائے۔انتظامیہ کی جانب سے سرکاری خوراک مراکز میں اشیائے خوردونوش کا وافر ذخیرہ رکھنے اور ہسپتالوں سمیت دیگر سرکاری طبی مراکز میں ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ موسم کی خرابی کے دوران مقامی آبادی کو خوراک اور علاج معالجے کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاقوں کے پٹواریوں اور ویلج کونسل سیکرٹریز کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ کسی حادثے، جانی یا مالی نقصان یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ ادارے رابطے میں ہیں اور برفباری و بارش کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اپر چترال کے علاقے کھوٹ میں تقریبا 4 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد علاقے نے سفید چادر اوڑھ لی، برفباری کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔بالائی علاقوں میں مزید برفباری کی صورتحال کے پیش نظر سڑکوں کی بحالی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی انتظامیہ کے لیے اہم چیلنج بن سکتی ہے۔ وادی کاغان کے سیاحتی مقام ناران میں بھی سیزن کی پہلی برفباری شروع ہوگئی، ناران بازار اور جھیل سیف الملوک روڈ پر برف کے گالے گرنے سے پہاڑوں اور وادی نے سفید چادر اوڑھ لی، جبکہ وہاں موجود سیاحوں نے برفباری کے خوبصورت مناظر سے لطف اٹھایا۔ مقامی اطلاعات کے مطابق ناران اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تیز ہے اور رات تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ برفباری کے باعث جھیل سیف الملوک روڈ پر پھسلن بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر سیاحوں کو گاڑیاں آہستہ چلانے اور دوران سفر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسم کی شدت اور سڑکوں کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔ادھر سوات کے علاقے کبل میں بارش کے بعد برفباری شروع ہوگئی، جس سے موسم نے اچانک کروٹ بدل لی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔بارش اور برفباری کے بعد کبل اور گردونواح میں موسم سرد ہوگیا، جبکہ شہریوں نے بدلتے موسم اور برفباری کے مناظر سے لطف اٹھایا۔ علاقے میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed