ضم اضلاع کے نوجوانوں کیلئے جدید ٹیکنالوجی مراکز کے قیام کی تجویز

ممتاز انجینئر اور سی ای ایس گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم الرحمان نے صوبائی مشیر برائے صنعت و تجارت ڈاکٹر محمد ارشاد سے ملاقات کی اور یورپی سرمایہ کاروں کے تعاون سے خیبر پختون خوا میں جدید ٹیکنالوجی اور فنی تربیت کے مراکز قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔ چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تجویز میں ضم اضلاع، بالخصوص حال ہی میں اسپیشل اضلاع قرار دیے گئے علاقوں، کے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔سلیم الرحمان نے تجویز پیش کی کہ ان مراکز میں تربیتی کورسز مقامی صنعت اور روزگار کی منڈی کی ضروریات کو سامنے رکھ کر ترتیب دیے جائیں۔ ان مراکز میں نوجوانوں کو کمپیوٹر اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، صنعتی مشینری کی دیکھ بھال، سولر سسٹمز کی تنصیب اور جدید پیداواری طریقوں کی عملی تربیت دی جا سکتی ہے۔ مقامی صنعتوں کے ساتھ شراکت سے زیرِ تربیت نوجوانوں کو کام کا تجربہ حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے جا سکتے ہیں۔سلیم الرحمان نے بتایا کہ یورپی سرمایہ کاروں کے ایک وفد کو جلد پشاور آنے کی دعوت دی جائے گی۔ مجوزہ دورے کے دوران وفد کے ساتھ تربیتی مراکز کے قیام، جدید آلات کی فراہمی اور مقامی تربیت کاروں کی استعداد بڑھانے میں ممکنہ تعاون پر بات چیت کی جا سکے گی۔صوبائی مشیر صنعت ڈاکٹر محمد ارشاد نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ خیبر پختون خوا کے نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں اور ایسے ہنر سیکھیں جو انہیں روزگار کے حصول میں مدد دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے جدید آلات اور عملی تربیت کی سہولتوں سے آراستہ مراکز کی اشد ضرورت ہے۔ڈاکٹر محمد ارشاد نے یورپی سرمایہ کاروں کے مجوزہ دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفد جب بھی پشاور آئے گا، صوبائی حکومت اس کے ساتھ فنی تربیت، ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبے میں تعاون کی تجاویز پر بات چیت کے لیے تیار ہوگی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed