چین کے صوبہ ہیبئی کے ایک گاؤں میں حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک ستر سالہ معمر خاتون کو اہل خانہ نے مردہ سمجھ کر تابوت میں بند کر دیا، تاہم وہ اندر اچانک زندہ ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق موذی مرض کینسر میں مبتلا خاتون کے علاج سے جب ڈاکٹروں نے معذوری ظاہر کی تو لواحقین انہیں گھر لے آئے تھے۔ آٹھ ستمبر کو جب خاتون میں جسمانی حرکت اور زندگی کے آثار ختم معلوم ہوئے تو رشتے داروں نے انہیں ایک مخصوص کولنگ سسٹم والے تابوت میں رکھ دیا تاکہ دور دراز سے آنے والے افراد کی آمد تک جسد خاکی محفوظ رہے۔
اگلی شام خاتون کی بہو نے تابوت سے پراسرار آوازیں سنیں جس پر اہل خانہ نے فوراً انہیں باہر نکالا۔ گیارہ ستمبر تک خاتون مکمل طور پر ہوش میں آ گئیں اور ان کی آنکھیں بھی کھل گئیں، تاہم ان کی صحت شدید ناساز رہی۔ بالآخر بارہ ستمبر کی رات وہ دم توڑ گئیں اور اگلے روز انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔
اس واقعے کی خبر جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اس کی سچائی پر شک ظاہر کیا۔ تاہم مقامی انتظامیہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے وضاحت کی کہ استعمال کیا جانے والا تابوت جسم کو منجمد کرنے کے بجائے ایک معتدل درجے تک ٹھنڈا رکھتا ہے۔ اسی درجہ حرارت اور ماحول کی وجہ سے خاتون کے وقتی طور پر معطل شدہ جسمانی نظام کو دوبارہ بحال ہونے کا موقع ملا۔







